حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اسلامی تحریک پاکستان گلگت ڈویژن کے زیراہتمام فکر رضوی، علماء و ورکرز کنونشن غلمت نگر خاص میں منعقد ہوا۔ کنونشن سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے کہا: گلگت بلتستان کے مظلوم و محروم عوام کیلئے جس قدر قومی پلیٹ سے آواز اٹھائی گئی ہے اس کی مثال نہیں ملتی۔
انہوں نے کہا: قائد ملت جعفریہ حضرت علامہ سید ساجد علی نقوی نے سب سے پہلے گلگت بلتستان کو ان کا آئینی حق دینے کیلئے اقدامات کئے اور پورے ملک کے علماء اور عوام نے قائد محترم کی اس آواز پر لبیک کہتے ہوئے ملک کے گلی کوچے تک اس آواز کو پہنچایا اور اس میں طاقت پیدا کی۔
علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے کہا: اگر آپ چاہتے ہیں کہ گلگت بلتستان کے عوام کو ان کا حق ملے اور حکمران مجبور ہوں کہ وہ انہیں ان کا آئینی حق دیں تو قائد محترم کے ہاتھوں کو مضبوط کریں اور جو اطاعت کرنے کا حق ہے وہ ادا کریں۔
ان کے علاوہ مرکزی نائب صدر علامہ محمد رمضان توقیر، مرکزی نائب صدر علامہ سید سبطین حیدر سبزواری، مرکزی ایڈیشنل سیکرٹری جنرل علامہ سید ناظر عباس تقوی، مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل محمد علی قائد، مرکزی سیکرٹری اطلاعات زاہد علی اخونزادہ، مولانا منیر حسین منوری اور شیخ قیصر عباس نے خطاب کیا اور ان کے علاوہ مرکزی رہنماء علامہ شیخ مرزا علی، علامہ شیخ شبیر صابری، علامہ گلاب شاکری، جے ایس او کے مرکزی صدر سید راشد حسین نقوی، جے ایس او کے مرکزی نائب صدر سید ذیشان حیدر بخاری، حاجی محمد الیاس، سخی حسن جان اور سید قائم علی شاہ نے بھی کنونشن میں شرکت کی۔